نوائے وقت نیوز
لندن:اسرائیلی فوج نے لبنان پر 400 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے جواب میں ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں رمت ڈیوڈ ایئربیس پر درجنوں راکٹ داغ دیے۔
برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ اور ’اے ایف پی‘ کی رپورٹس کے مطابق بیروت پر حملے کے بعد اسرائیل نے لبنان پر مزید حملے شروع کر دیے ہیں، اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز لبنان پر 400 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے تنصیبات کو تباہ کردیا تاہم حزب اللہ کی جانب سے نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ شمالی اسرائیل میں رمت ڈیوڈ ایئربیس پر درجنوں راکٹ داغے گئے ہیں جس کے نتیجے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔