رانا وحید نوائے وقت
کراچی : وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا دورہ کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، حب پل کا افتتاح
1180ملین سے 488میٹر پل کی تکمیل، این 25 کوکراچی تا کوئٹہ دو رویہ کرنے کا اعلان
نئی سڑکیں و پل بنیں گے،بلوچستان کیلئے کاروباری سرگرمیاں ضروری ہیں
عبدالعلیم خان کا این ایچ اے اجلاس، وفاقی وزراء کی ایم این اے رعنا انصارسے تعزیت
بلوچستان اور صوبہ سندھ کے سنگم پر دریائے حب این 25پر 2022کے سیلاب میں بہہ جانے والے نئے تعمیر شدہ حب پل کا وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے افتتاح کر دیا جس پر 1180ملین روپے لاگت آئی ہے اور 488میٹر طویل اس پل پر ٹریفک کی روانی سے کراچی سے گوادر تک تجارتی سامان کی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لئے وہاں کاروباری سرگرمیوں کا ہونا ضروری ہے، ہم دوسرے صوبوں سے ریونیو اکٹھا کر کے بلوچستان کی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا سب سے بڑا نیٹ ورک ساڑھے4ہزار کلومیٹر طویل بلوچستان کے صوبے میں ہے۔