بشیر بلوچ نوائے وقت
کرم :ضلع کرم میں جھڑپوں میں شدت آگئی ہے اور فائرنگ کے واقعات میں مزید 18 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے علیزئی اور بگن کے قبائل کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ بالش خیل، خار کلی اور کنج علیزئی اور مقبل قبائل کے مابین بھی فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔
پولیس ذرائع نے ڈان ٹی وی کو بتایا کہ فریقین کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جمعرات کو مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے بعد ہوا اور اب فریقین ایک دوسرے کو بھاری اور خودکار اسلحوں سے نشانہ بنا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق تازہ جھڑپوں میں اب تک 18 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ جھڑپوں کے نتیجے میں دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع نے ڈان ٹی وی کو بتایا کہ جھڑپوں کے نتیجے میں مختلف دیہاتوں سے لوگوں نے نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر پہنچ گئے ہیں۔