آئندہ ورلڈکپ میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، پاک بھارت بلائنڈ ٹیموں کے میچز آئندہ نیوٹرل وینیو پر کرائے جائیں گے، ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل
فرحان شاہد نوائے وقت
ملتان:پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے اور پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے بعد بھارت سے آئندہ برس شیڈول بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے لی گئی۔
بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ پاکستان میں جاری ہے جس کے لیے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کیا تھا۔
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا26 واں اجلاس ملتان میں ہوا جس میں 7 ممالک نے شرکت کی جب کہ بھارت ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈ آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے۔
ملتان کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے جنرل کونسل اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے، بھارت کے راجانیش ہنری سیکریٹری جنرل کامیاب ہوئے۔
اجلاس میں تمام ممبرز نے بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر نے مؤقف اپنایا کہ ویزا مسائل کے باعث دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز نہیں کھیل پارہیں۔
اجلاس میں ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے واضح کردیا کہ آئندہ ورلڈکپ میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے پاک بھارت بلائنڈ ٹیموں کے تمام میچ آئندہ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے جب کہ بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈکپ پاکستان میں جاری ہے جب کہ بھارتی کرکٹ ٹیم وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان سفر کی اجازت نہ ملنے پر ایونٹ سے دستبردار ہوگئی تھی۔