ملک کو سائنسدانوں، انجینئرز اور فنی تعلیم کے ماہرین کی ضرورت ہے ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر کا کانووکیشن سے خطاب

ابرار احمد نوائے وقت

ساہیوال : وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا کہ ملک کو سائنسدانوں، انجینئرز اور فنی تعلیم کے ماہرین کی ضرورت ہے تاکہ جدید دنیا کے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے،اس مقصد کے حصول کے لئے اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں تحقیق اور جستجو پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں نوجوان نسل کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے جنہیں بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف ساہیوال چیمبر آف کامرس سے مسلسل رابطہ میں ہے تاکہ بچوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 1234 گریجویٹس کو ڈگریاں اور 25 کو میڈل سے نوازا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ممبران صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اورمحمد ارشد ملک،میڈیا کوارڈینیٹر ڈاکٹر ایوب رجسٹرار سید اصغر علی شاہ، کنٹرولر امتحانات مبشر سعید،میڈیا کواڈینیٹر ڈاکٹر محمد ایوب، فیکلٹی ممبران،طلبہ و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور کہا کہ کانووکیشن یونیورسٹی آف ساہیوال کے لیے ایک اہم دن اور سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کانووکیشن کی کامیابی پر کنٹرولر امتحانات مبشر سعید سمیت تمام ٹیم کو مبارکباد دی۔انہوں نے یونیورسٹی میں جاری بڑے ترقیاتی پروگرام بارے بتایا کہ اس کی تکمیل سے یونیورسٹی میں مزید شعبوں کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آف ساہیوال کو ایک معیاری تعلیمی درسگاہ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ایسے نئے شعبے قائم کئے جائیں گے جو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں