جوڈیشل کمیشن میں پیش ہونے والے ناموں میں سیاسی اور پارلیمانی شخصیات سے قربت رکھنے والے افراد کے نام شامل ہیں
صحافی غلام عباس بھمبھرو کے بیٹے نثار بھمبھرو، سابق رکن سندھ اسمبلی گلزار اُنڑ کے بیٹے امداد علی اُنڑ، سابق اٹارنی جنرل انور منصور کی بیٹی عمیمہ انور خان، پیپلز لائر فورم کے مرکزی صدر قاضی محمد بشیر بھی فہرست میں شامل
نوائے وقت انوسٹی گیشن سیل
کراچی :سندھ ہائیکورٹ کے 13 ججز کی تقرری پر 46 نامزدگیاں زیر غور ہیں جن کے نام جوڈیشل کمیشن میں پیش کردیے گئے ہیں تاہم ججز کے نامزدگیوں پر سیاسی وابستگی کا انکشاف ہوا ہے۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں پیش ہونے والے ناموں میں سیاسی اور پارلیمانی شخصیات سے قربت رکھنے والے افراد کے نام شامل ہیں۔
جوڈیشل کمیشن میں جمع کردہ ناموں کی فہرست کے مطابق میران محمد شاہ پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کے بھائی ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ محمد شاہ کے بیٹے یاسر شاہ بھی فہرست میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تھرپارکر سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی مہیش ملانی کے فیملی ممبر سندیپ ملانی بھی شامل ہیں، جوڈیشل کمیشن کے ممبر فاروق ایچ نائیک کی جونیئر شازیہ ہانجرہ کا نام بھی شامل ہے۔
اس فہرست میں سندھ کے مشہور صحافی غلام عباس بھمبھرو کے بیٹے نثار بھمبھرو، سابق رکن سندھ اسمبلی گلزار اُنڑ کے بیٹے امداد علی اُنڑ، سابق اٹارنی جنرل انور منصور کی بیٹی عمیمہ انور خان اور پیپلز لائر فورم کے مرکزی صدر قاضی محمد بشیر بھی فہرست میں شامل ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تجویز کردہ ذیشان آہدی، ذیشان عبداللہ اور عثمان علی ہادی کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔