دو دن جاری رہنے والے افتتاحی پروگرام میں 20,000 لوگوں کی برفباری اور سخت سردی میں شرکت ،200 سے زائد فنکاروں کی پرفارمنس
ادیب مشتاق سے
بریڈفورڈ : لٹل پاکستان کہلائے جانے والے شہر بریڈفورڈ جو اپنے تاریخی ورثے، ثقافتوں اور فنونِ لطیفہ کی شاندار روایت کے لیے مشہور ہے، اب باضابطہ طور پر کلچر سٹی 2025 کے طور پر لانچ کر دیا گیا ہے بریڈفورڈ کے سٹی ہال کے باہر ہزاروں افراد بریڈفورڈ کلچر سٹی 2025 کے جشن میں شریک ہوئے۔ بریڈفورڈ کے نوجوانوں اور فنکاروں کہنا تھا کہ بریڈفورڈ کے شہریوں کے لیے یہ نہ صرف فخر کا لمحہ ہے بلکہ مقامی کاروبار اور سیاحت کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کرے گا۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جس میں بریڈفورڈ اپنی کہانی دنیا کو سنائے گا، اور 2025 کو یادگار بنائے گا۔ بریڈفورڈ میں سٹی کلچر کے دو دن جاری رہنے والے افتتاحی پروگرام میں 20,000 لوگوں کو برفباری اور سخت سردی کے باوجود اپنی جانب متوجہ کیا ۔اس تقریب میں 200 سے زائد فنکاروں نے حصہ لیا جن میں شاعروں، گلوکاروں، اسپوکن ورڈ آرٹسٹ، ایکروبیٹس، ڈانسرز، کوائرز اور جادوگر شامل تھے۔ بریڈفورڈ جہاں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی
کُل آبادی کا تقریباًایک چوتھائی حصہ ہے،موسم کی خرابی کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں نے اس رنگارنگ تقریب کو بے حد سراہا۔ جب کہ اس موقع پر عوام کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے تمام فنکاروں کو لوگوں نے دل کھول کر داد بھی دی ۔